اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطلی کا تحریری حکم نامہ جاری

اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطلی کا تحریری حکم نامہ جاری

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کی جانب سے جاری کردہ تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ نیب نے اسحاق ڈار کی درخواست پر کوئی اعتراض نہیں کیا، ان کی درخواست کے مطابق وہ بیماری اور پاسپورٹ منسوخی کے باعث پاکستان نہیں آ سکے۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا مقصد ملزم کی عدالت حاضری یقینی بنانا تھا تاہم اگر ملزم خود عدالت میں پیش ہونا چاہتا ہے تو ایک موقع دیا جانا ضروری ہے۔ 
احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کی گرفتاری روکتے ہوئے 7 اکتوبر تک رضا کارانہ پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری معطل کئے جاتے ہیں اور انہیں 7 اکتوبر تک موقع دیتے ہیں کہ وطن واپس آ کر عدالت میں پیش ہوں۔ 
واضح رہے کہ احتساب عدالت نے رواں برس مئی میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اثاثہ جات ریفرنس میں دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے تاہم گزشتہ روز عدالت نے ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کر دئیے تھے۔ 

مصنف کے بارے میں