نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف سے نیویارک میں نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے نے ملاقات کی جس دوران مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور ملالہ یوسف زئی کی ملاقات اقوام متحدہ (یو این) جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ہوئی جس دوران وزیراعظم نے لڑکیوں کی تعلیم اور سماجی ایشوز پر ملالہ کی خدمات کو سراہا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ملاقات کے د وران موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والے نقصانات کے علاوہ پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کیلئے ملالہ فنڈ کی وزارت تعلیم کے ساتھ شراکت داری کو سراہتے ہیں جبکہ ملالہ یوسف زئی نے لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔