بھارتی فلموں کی لیجنڈ اداکارہ تنوجا نے زندگی کی 78 بہاریں دیکھ لیں

09:18 AM, 24 Sep, 2021

ممبئی: بھارتی فلموں کی معروف اداکارہ تنوجا 78 سال کی ہوگئی ہیں۔ انہوں نے بالی ووڈ کی کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا کر انھیں امر کیا، ان کی فنی خدمات کو سراہتے ہوئے انھیں کئی اعزازات سے نوازا گیا۔

اداکارہ تنوجا 23 ستمبر 1948ء کو پیدا ہوئیں۔ ان کے والد کمارسین سمراٹ اپنے وقت کے مشہور فلم میکر جبکہ والدہ شوبھانا سمراٹ اداکارہ تھیں۔ تنوجا کی تین بہنیں اور ایک بھائی تھا جن میں سے اداکارہ نوتن نے بھی فلمی دنیا میں خوب نام کمایا۔

تنوجا اور ان کے بھائی بہن ابھی چھوٹے ہی تھے کہ گھریلو ناچاقیوں کی وجہ سے ان کے والدین میں علیحدگی ہو گئی۔ شوبھانا سمراٹ نے اس کے بعد مشہور اداکارموتی لال سے شادی کی۔ انہوں نے دوسری شادی کے باوجود اپنی بیٹیوں کو بھرپور وقت دیا اور ان کی پرورش میں کوئی کمی نہ آنے دی۔

اداکارہ شوبھا سمراٹ نے ہی اپنی دونوں بیٹیوں نوتن اور تنوجا کو فلمی میدان میں اتارا اور ان کی ڈیبیو فلمیں بنائیں۔ تنوجا نے 1973ء میں ہدایتکار شومو مکھرجی سے شادی کی جس سے ان کی دو بیٹیاں کاجل اور تنیشا پیدا ہوئیں۔ کاجل نے فلموں میں اپنی اداکاری کے ذریعے خوب نام کمایا تاہم تنیشا زیادہ مقبول نہ ہو سکیں۔

تنوجا نے 1950ء میں بطور چائلڈ آرٹسٹ فلمی دنیا میں قدم رکھا اور فلم ہماری بیٹی میں کام کیا۔ اس کے انہوں نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور اپنی جاندار اداکاری کی بنیاد پر بالی ووڈ فلم انڈسٹری پر ایسے نقوش چھوڑے جن کو مٹانا مشکل ہے۔

گزشتہ روز تنوجا کی 78ویں سالگرہ کے موقع پر ان کی دونوں صاحبزادیوں نے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا جس میں خاندان کے افراد شریک ہوئے۔ اداکارہ کاجل نے اس موقع کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی۔ انہوں اس کیساتھ تحریر میں اپنی والدہ کو بہترین خاتون اور اپنی دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میں آپ کی بیٹی ہوں، مجھے دل وجاں سے آپ کیساتھ محبت ہے۔

مزیدخبریں