دورہ پاکستان کی منسوخی میں ہمارا کوئی کردار نہیں ، برطانوی کھلاڑی بول پڑے

03:14 PM, 24 Sep, 2021

لندن :  برطانوی کھلاڑیوں نے کہا ہے کہ دورہ پاکستان کی منسوخی میں ان کا کوئی کردار نہیں ۔ برطانوی کرکٹ بورڈ نے دورہ منسوخ کرنے کے بعد کھلاڑیوں کو آگاہ کیا ہے ۔ 

برطانوی اخبار سے گفتگو میں انگلش پلیئرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ  دورہ پاکستان کی منسوخی میں کھلاڑیوں کا کوئی کردار نہیں ۔ اس حوالے سے ان کو اعتماد میں نہیں لیا گیا ۔ ان سے کسی نے پوچھا ہی نہیں کہ کیا آپ سفر کریں گے یا نہیں ۔ 

 انگلش پلیئرزایسوسی ایشن نے اپنے موقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تو دورہ منسوخ کرنے کے بعد بتایا گیا، یونین نے ان دعوؤں کی سختی سے  تردید کی کہ پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے کے پیچھے برطانوی کھلاڑی کی مرضی شامل تھی ۔

قبل ازیں انگلش کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کی منسوخی پر بیان جاری کیا تھا کہ ہم نے ہچکچاہٹ کے ساتھ انگلینڈ کی مرد و خواتین ٹیموں کے دورے سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔ برطانوی بورڈ نے کہا تھا کہ ہمارے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کی ذہنی اور جسمانی صحت کی نگہداشت ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم جن موجودہ حالات سے گزررہے ہیں اس میں یہ مزید اہمیت اختیار کر جاتی ہے۔

برطانوی کرکٹ بورڈ نے کہا تھاکہ پاکستان کا سفر کرنے کے حوالے سے بھی کچھ تحفظات ہیں اور ہمارا ماننا ہے کہ اگر ہم یہ دورہ جاری رکھتے ہیں تو اس سے ہمارے کھلاڑیوں پر دباؤ بڑھے گا جو پہلےہی  کووڈ-19 کے پابندیوں کے ماحول سے نمٹنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

انگلش کرکٹ بورڈ نے اپنے جاری شدہ بیان میں تسلیم کیا تھا کہ  یہ فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے مایوس کن ہو گا جو ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے مستقل انتھک کوششوں میں مصروف ہے۔

مزیدخبریں