اد اکار عمرشریف کے 28 ستمبر کو امریکا روانہ ہونے کا امکان

01:27 PM, 24 Sep, 2021

کراچی :اداکار عمرشریف کو امریکا لے جانے والی ائر ایمبولینس کو پاکستان آنے کی اجازت مل گئی ۔ معروف کامیڈین کے 28 ستمبر کو امریکا روانہ ہونے کا امکان ہے ۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ممتا ز کامیڈین اداکار عمرشریف  کو علاج کے لئے امریکا لے جانے کے لئے ائر ایمبولینس 26 ستمبر کی رات کراچی ائرپورٹ پر لینڈ کرے گی ۔ امریکی ائیر ایمبولینس میں کپتان کے ہمراہ 5 دیگر افراد بھی پاکستان آئیں گے ۔ 

اداکار عمر شریف کو لے کر ائیر ایمبولینس  (  ٰآئی ایف اے  1264 ) کے 28 ستمبر کو امریکا روانہ ہونے کے امکان ہیں ۔ 

کامیڈی اداکار عمر شریف کو امریکہ لے کر جانے والی ائر ایمبو لینس کو  سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی کلیئرنس دے دی ہے ۔ اداکار عمر شریف کے ساتھ ائر ایمبولینس میں ان کی فیملی کے چار افراد بھی امریکا جائیں گے جن کے ویزے  امریکی حکومت پہلے ہی جاری کرچکی ہے ۔ 

یاد رہے کہ معروف اداکار عمر شریف ان دنوں شدید علیل ہیں اور کراچی کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں ۔

اداکار عمر شریف کو ڈاکٹروں نے مشورہ دیا تھا کہ ان کا علاج پاکستان میں نہیں امریکا میں ممکن ہے جس کے بعد عمرشریف نے وزیراعظم عمرا ن خان سے ایک ویڈیو پیغام میں تعاون کی درخواست کی تھی کہ ان کے امریکا جاکر علاج کرانے کے انتظامات کرنے میں مدد کی جائے ۔ 

اداکار عمر شریف کی درخواست کے بعد حکومت سندھ نے ان کا علاج کرانے کے لئے چار کروڑ روپے جاری کردیئے تھے  اور اب و ہ امریکی ائیر ایمبولنس کے انتظار میں تھے ۔

اداکار عمر شریف کی بیماری کا سن کر شوبز حلقے اور دنیا بھر میں ان کے فینز میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی اور سب ان کی جلد امریکی روانگی کے خواہاں تھے تاکہ ان کا بروقت علاج کیا جاسکے ۔ 

اداکارعمر شریف کا جارج واشنگٹن ہسپتال میں علاج کیا جائے گا ۔ ان کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ جارج واشنگٹن ہسپتال میں عمر شریف کے علاج کے تمام انتظامات مکمل ہوچکے ہیں ۔ 

مزیدخبریں