پاکستانی اداکار طلعت اقبال انتقال کرگئے

پاکستانی اداکار طلعت اقبال انتقال کرگئے

واشنگٹن : پاکستان کے معروف اداکار طلعت اقبال انتقال کرگئے ۔ اہل خانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی ہے ۔وہ پچھلے کئی روز سے وینٹی لیٹر پر تھے ۔ 

تفصیلات کے مطابق  پاکستان فلم انڈسٹری کے روشن دور کا ایک اور نامور فنکار دنیا چھوڑ گیا ۔ طلعت اقبال پچھلے کئی دنوں سے ہسپتال میں زیر علاج تھے .

فیملی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کو کورونا نہیں تھا وہ کچھ دوائیں لے رہے تھے کہ ان کی سانس کی نالی میں ایک گولی پھنس گئی جس کی وجہ سے وہ بے ہوشی کی حالت میں ہی وینٹی لیٹر پر تھے ۔ 

اداکار طلعت اقبال امریکی ریاست ڈیلاس کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھے اور ڈاکٹروں نے ان کی حالت تشویشناک قرار دی تھی ۔ 

یا د رہے کہ طلعت اقبال نے 70 اور 80 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن کے کئی ڈراموں میں ناقابل فراموش کردار ادا کئے جبکہ انہوں نے کیرئیر میں کئی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ۔ 

طلعت اقبال نے 1968 میں ریڈیو پاکستان سے کیرئیر کا آغازکیا ۔ ان کے معروف ڈراموں میں شکست آرزو، دو دونی پانچ، آخری چٹان، آبگینے، کیف بہاراں، کاروان اوراب دیکھ خدا کیا کرتا ہے شامل ہیں۔

  اداکار طلعت اقبال 1999میں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ امریکا منتقل ہوگئے تھے۔ اس دوران طلعت اقبال کئی مرتبہ پاکستان آئے، چند روز قبل طلعت اقبال کی بیٹی سارہ انتقال کرگئی تھیں جس کا ان کو بہت رنج تھا اور اسی صدمے نے انہیں اسپتال پہنچا دیا۔