واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی الیکشن میں ناکامی کی صورت میں پرامن انتقال اقتدار کی ضمانت دینے سے انکار کرتے ہوئے خیال ظاہر کیا ہے کہ الیکشن کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔
وائٹ ہاوس میں پریس بریفنگ کے دوران اس سوال پر کہ کیا وہ نومبر میں الیکشن کے بعد پرامن انتقال اقتدار کویقینی بنائیں گے،صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہمیں دیکھنا ہوگا کہ کیا ہوتا ہے۔ڈاک کے ذریعے ووٹ ڈالنے کے حوالے سے بھی انہوں نے اظہار خیال کیا،جس کی ملک کے وسیع علاقوں میں کوویڈ-19 کی وبا کے دوران محفوظ طریقے سے ووٹ ڈالنے کے لئے لوگوں کو اجازت دی گئی ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ وہ عرصے سے ووٹوں کے متعلق شکایات کرتے آرہے ہیں، اور یہ بیلٹ تباہ کن ہیں،صدر ٹرمپ کا دعوی ہے کہ ڈاک کے ذریعے رائے شماری بڑے پیمانے پر ووٹ فراڈ کی راہ ہموار کرے گی تاہم انتخابی ماہرین اور ذرائع ابلاغ کا موقف ہے کہ ڈاک کے ذریعے ووٹ ڈالنے سے کسی فراڈ کا کوئی ثبوت موجود نہیں ہے۔