لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی عمران فرحت اور عمر گل نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کر لیا۔ دونوں کرکٹرز اس وقت نیشنل ٹی ٹونٹی کپ بلوچستان کی جانب سے کھیل رہے ہیں اور جلد باضابطہ طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران فرحت نے گزشتہ سیزن میں ہی کہہ دیا تھا کہ آئندہ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن ان کا آخری ہو گا۔ عمران فرحت نے 40 ٹیسٹ ، 58 ون ڈے اور 7 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جبکہ 222 فرسٹ کلاس میچز کھیلے۔
عمران فرحت کا مزید کہنا ہے کہ اب کوچنگ کے پروفیشن سے جڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور پورا سیزن کھیلتا ہوں یا نہیں ابھی دیکھوں گا انجوائے کرتا رہا تو کھیلوں گا۔
انہوں نے کہا کہ اب خواہش ہے کہ نئے نوجوانوں کو آگے لاؤں کیونکہ کوچنگ کی پیشکش پہلے سے ہیں لیکن مکمل تیاری کے ساتھ اس میں آنا چاہتا ہوں۔
عمران فرحت کے بعد عمرگل نے کرکٹ کو خیر آباد کہنے کا فیصلہ کر لیا۔ ملتان میں 30 ستمبر سے شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں شائقین کرکٹ عمر گل کو آخری بار باؤلنگ کرتا دیکھ سکیں گے۔
عمر گل نے بھی میڈیا کو اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ دونوں سے ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں اور نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے درمیان یا آخر میں ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کر سکتے ہیں۔
عمر گل نے 47 ٹیسٹ ، 130 ون ڈے میچز اور 60 ٹی ٹونٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔ عمر گل پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے بھی ممبر ہیں اور اب کوچنگ سے وابستہ ہونا چاہتے ہیں۔