ترقی پذیر ممالک سے لوٹی گئی رقم فوری طور پر واپس کی جائے، وزیراعظم عمران خان

06:32 PM, 24 Sep, 2020

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے مالیاتی احتساب اور دیانتداری کے بارے میں اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی پینل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو کرپشن کے خاتمے  کا مینڈیٹ ملا اور عالمی برادری کو بھی اینٹی منی لانڈرنگ کیخلاف اقدامات کرنے چاہئیں کیونکہ ہر سال ترقی پذیر ممالک سے اربوں ڈالر غیر قانونی طور پر نکل جاتے ہیں۔ ترقی پذیر ممالک سے لوٹی رقم فوری طور پر واپس کی جائے ۔

ان کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ وائٹ کالر کرائم کے ذریعے ہر سال ایک کھرب ڈالر کی منتقلی ہوتی ہے۔ ترقی پذیر ممالک کورونا کی وجہ سے شدید متاثر ہوئے اور ان ممالک کو معاشی طور پر بھی بڑے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ہماری حکومت نےانسداد کورونا کیلئے اقدامات کیے جبکہ ہماری حکومت کا احساس پروگرام غربت کے خاتمے کیلئے بڑا پروگرام ہے اور اس پروگرام کے ذریعے حکومت نے ڈیڑھ کروڑ خاندانوں کو مالی امداد دی۔ کورونا کے باعث اقتصادی شرح نمو میں تیزی سے کمی ہوئی۔

وزیراعظم عمران خان نے یہ بھی بتایا کہ موجودہ عالمی نظام میں سرمائے کی غیرمنصفانہ تقسیم بڑا مسئلہ ہے کیونکہ دنیا کے 26 امیر ترین افراد کے ہاتھ میں زیادہ تر دولت مرکوز ہے۔ قرضوں میں ریلیف دے کر غریب ممالک کی مدد کی جا سکتی ہے-

انہوں نے اپنے خطاب میں اس بات پر بھی زور دیا کہ دنیا میں بڑھتی غربت سے عالمی امن کو بھی خطرہ ہے۔ ہاؤسنگ، ٹرانسپورٹ، انفراسٹرکچر، پانی اور صحت پر سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔ 

مزیدخبریں