سفیر،دفاعی اتاشی اور عالمی تنظیموں کے نمائندوں کا آج دورہ ایل او سی ،فوجی ترجمان بریفنگ دینگے

10:49 AM, 24 Sep, 2020

راولپنڈی:مختلف ملکوں کے سفیر ، دفاعی اتاشی اور عالمی تنظیموں کے نمائندے آج ایل او سی کا دورہ کررہے ‏ہیں‎ ‎جہاں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار انہیں ایل او سی کی صورتحال ‏پر بریفنگ دیں گے۔

وفد ایل او سی پر بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدہ کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لے ‏گا اور بھارتی بلا اشتعال فائرنگ کے متاثرین سے بھی ملاقات کرے گا۔

 خیال رہے کہ  پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ اور سفارتکاروں کے ایل او سی ‏کے دوروں کو خوش آمدید کہا اور حالات کے مشاہدہ کے لیے مقامی آبادی تک رسائی ‏دی ہے۔ 

ایل او سی کا دورہ کرنے والوں میں آذر بائیجان ،بوسنیا اور ہرزگووینیا، فلسطین  ‏کے سفیر اور عراق، اٹلی، پولینڈ، ازبکستان، مصر، لیبیا، یمن افغانستان ،اقوام متحدہ اور ‏ورلڈ فوڈ پروگرام کے نمائندے شامل ہیں۔ 

متحدہ عرب امارات ،پرتگال،سعودی ‏عرب،جنوبی افریقہ،ترکی ،ایران، انگلینڈ اور کرغستان کے سفارتی نمائندے بھی وفد ‏میں شامل ہیں۔ واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے ملٹری آبزور گروپ اور سفارتکاروں کو ہمیشہ ایل ‏او سی کے دورہ سے انکار کیا گیا۔

یاد رہے کہ بھارت کی بزدل فوج نے  گزشتہ روز ایک بار پھر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی ہے۔ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دشمن فوج کی فائرنگ سے پاکستان آرمی کے جوان سپاہی نورالحسن اور سپاہی وسیم علی شہید ہو گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دشمن فوج کی بزدلانہ کارروائی کا پاکستانی آرمی نے منہ توڑ جواب دیا اور بھارتی پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔

مزیدخبریں