اسلام آباد:پاکستان کی ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کی راہ ہموار ،صدرمملکت نے مشترکہ اجلاس میں منظور ہونے والے آٹھوں بلز پر دستخط کردیئے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کا بڑا تقاضا پورا کردیا ،انسداد منی لانڈرنگ ترمیمی بل باقاعدہ قانون بن گیا ۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انسداد منی لانڈرنگ ترمیمی ایکٹ 2020 کی توثیق کردی۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے بل پر صدر مملکت کے دستخطوں کی تصدیق کردی ،نیا قانون فوری نافذ العمل،منی لانڈرنگ میں ملوث افراد اور اداروں کو سخت سزائیں ہوں گی ،قومی ادارے مشترکہ طور پر دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے اقدامات اٹھائیں گے۔
صدر مملکت نے 16 ستمبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران وقف املاک بل 2020 سمیت منظور ہونے والے دیگر بلز کی بھی توثیق کردی ہے،صدر مملکت نے پاکستان میڈیکل کمیشن اور ٹربیونل بلز پر بھی دستخط کردیئے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججوں کی تعداد بڑھانے کے بل پر بھی دستخط ہوگئے ،معذوروں کے بل پر بھی صدر نے دستخط کردیئے۔ نقشہ جات بل پر دستخط ہوگئے ،انسداد دہشتگردی بل پر بھی دستخط ہوگئے۔