لاہور : قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ نئے پاکستان کی نوید لگانے والوں نے آنکھوں میں دھول جھونک دی ۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی کامیابی انتخابی دھاندلی کا نتیجہ ہے ۔
انھوں نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے قائم کیا گیا کمیشن تحقیقات مکمل کر کے جلد رپورٹ ایوان میں پیش کرے ۔
انھوں نے کہا کہ جمہوریت کو فروغ دینے کے لیے ایوان میں آئے ہیں ، ہم نے اپنے دور میں زرعی شعبے کی ترقی کے لیے کردار ادا کیا اور زراعت کے لیے تاریخ کا سب سے بڑا پیکج دیا۔
انھوں نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے قائم کردہ کمیشن اپنا کام کرے ، پارلیمانی کمیٹی کی تجاویز جلد از جلد ایوان میں لائی جاءیں ، یقین دلاتے ہیں کہ پارلیمانی کمیشن کے ساتھ تعاون کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم جانتی ہے کہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے ، جب حکومت کو دھاندلی کی پیداوار قرار دیا تو حکومتی بنچوں کی جانب سے شور کیا گیا اور اپوزیشن نے بھی اس موقع پر اپوزیشن لیڈر کے حق میں بولنا شروع کر دیا تاہم ڈپٹی سپیکر نے معاملے کو رفع دفع کر کے اجلاس کو آگے بڑھایا ۔
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں تبدیلی کے دعویداروں نے الف لیلوی داستانیں سنائیں، حکومت ملنے کے بعد اب ہواؤں میں محل تعمیر کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کی نوید سنانے والے میرٹ پر کام نہیں کررہے اور جو وعدے اور نعرے لگائے تھے اس کے برعکس آنکھوں پر دھول جھونک رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسد عمر سے میری پرانی یاداللہ ہے لیکن ان سے عوام دشمن بجٹ کی توقع نہیں تھی، یہ منی بجٹ براہ راست متوسط اور غریب طبقے کو متاثر کرے گا ، ان کا کہنا تھا کہ گیس کی قیمتیں اگر اشرافیہ کے لیے بڑھائی جاتیں تو شکوہ نہیں کرتے۔
قائد حزب اختلاف نے گیس کی قیمتوں کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میں قوم اور اپوزیشن ارکین کی جانب سے حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ گیس کی اضافی قیمتوں کو فی الفور واپس لیا جائے جو عوام دمشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حکومت اس لحاظ سے خوش قسمت ہے کہ انہیں کوئی بڑا بحران ورثے میں نہیں ملا کیونکہ ہم نے نواز شریف کی قیادت میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا اور عوام کے فلاح کے لیے کام کیا۔