بھارتی اداکارہ شلپا شیٹھی کو سڈنی ایئرپورٹ پر سٹاف کی جانب سے خراب رویے کا سامنا

03:24 PM, 24 Sep, 2018

سڈنی:معروف بھارتی اداکارہ شلپا شیٹھی کو آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ایئرپورٹ پر نسل پرستی کا سامنا کرنا پڑگیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نے اپنے انسٹا گرام اکاﺅنٹ پر تصویر پوسٹ کی اور اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعہ سے متعلق بتایا کہ وہ سڈنی سے کنٹاس ایئرویز کے ذریعے میلبورن جارہی تھیں اس دوران انہیں تعصب کا سامنا کرنا پڑا، ایئرپورٹ پر جب وہ اپنا بیگ چیک کرانے کاؤنٹر پر گئیں تو وہاں موجود بد مزاج خاتون نے ان کے ساتھ جارحانہ اور غیر ضروری رویہ اپنایا۔

شلپا نے بتایا کہ اس خاتون نے اپنے منفی رویے کی وجہ سے میرا بیگ چیک کرنے سے انکار کردیا اور بڑے بیگ والے کاؤنٹر پر جانے کا کہا جب کہ میرا بیگ حقیقت میں آدھا خالی تھا اور ہمیں جس کاؤنٹر پر جانے کا کہا وہ کاؤنٹر 5 منٹ میں بند ہونے والا تھا تاہم ہم بغیر کوئی وقت ضائع کیے دوسرے کاؤنٹر پر پہنچ گئے اور وہاں موجود سٹاف سے بیگ جلد چیک کرنے کی درخواست کی اور انہیں ان کے سٹاف کے رویئے سے بھی آگاہ کیا۔

اداکارہ نے کہا کہ میرے ساتھ موجود ایک ساتھی نے بھی اس سٹاف کو بتایا کہ شلپا کا بیگ آدھا خالی ہے پھر کیوں انہیں بھاری بھرکم والے بیگ کاؤنٹر پر بھیجا گیا؟ جب کہ ساتھ ہی شلپا نے پوسٹ کی گئی تصویر پر مداحوں سے پوچھا کہ کیا میرا بیگ حد سے بڑا ہے۔

شلپا شیٹھی نے کہا کہ میں ایئرپورٹ انتظامیہ سے درخواست کرنا چاہوں گی کہ وہ اپنے سٹاف کو سکھائیں کہ لوگوں کے لیے مددگار ثابت ہوں ناکہ نسل اور رنگ کی بنیاد پر تعصب کا اظہار کریں۔

مزیدخبریں