اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت پورے ملک میں مرضی کا بلدیاتی نظام نہیں لا سکتی کیونکہ یہ خالصتاً صوبائی معاملہ ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے اپنے رد عمل میں کہا کہ وفاقی حکومت صرف پنجاب یا خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نظام کا فیصلہ کر سکتی ہے اور پورے ملک میں مرضی کا بلدیاتی نظام نہیں لا سکتی کیونکہ بلدیاتی نظام خالصتاً صوبائی معاملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان صرف غریبوں پر ٹیکس لگانے کے لیےاقتدارمیں آئے ہیں، منی بجٹ دیکھ کر لگتا ہے وہ صرف غریبوں پر ٹیکس لگانے آئے ہیں، گیس اور پیٹرول سمیت دیگر چیزوں پر ٹیکس غریب کی جیب سے نکالا جا رہا ہے۔پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ٹیکس سسٹم ٹھیک کرنے کے لیے ایف بی آر کا چیئرمین پارلیمنٹ کو لگانا چاہیے۔
گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں بلدیاتی نظام سے متعلق اجلاس کی صدارت کی تھی اور 48 گھنٹوں میں نئے بلدیاتی نظام کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی تھی۔