جنرل عاصم منیر انتہا پسندوں کے خلاف مضبوط آواز بن گئے، امریکی فوجی جریدے کا دعوی

09:43 PM, 24 Oct, 2024

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی: امریکی سنٹرل کمانڈ کے جریدے "یونی پاتھ" نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حوالے سے خراج تحسین پیش کیا ہے۔ جریدے کے مطابق، جنرل منیر ایک ایسے رہنما کے طور پر جانے جائیں گے جن کا بنیادی مقصد پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی ہے۔

مضمون میں ان کی قیادت، فوجی تجربہ اور انسداد دہشتگردی کی کوششوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ جنرل منیر کی قیادت میں کیے گئے فوجی آپریشنز کی تعریف کی گئی ہے، جن میں 22,409 انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیاں شامل ہیں، جن کے نتیجے میں 398 دہشت گردوں کو ختم کیا گیا۔

جنرل منیر نے واضح کیا ہے کہ دہشت گردوں کو ریاست کی طاقت کے سامنے جھکنا ہوگا، اور پاکستان اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کا عزم رکھتا ہے۔ انہوں نے ففتھ جنریشن وارفیئر کے چیلنجز کو تسلیم کرتے ہوئے فوج کی تیاری پر زور دیا۔

ایران کی جانب سے میزائل حملوں کے بعد، پاکستان نے کامیابی سے وہاں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ جنرل منیر نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اور گرین پاکستان انیشیٹو جیسے اقدامات کے ذریعے ملازمتیں پیدا کرنے اور معیشت کی ترقی میں تعاون کیا۔

جریدے نے مذہبی ہم آہنگی اور اقلیتوں کے تحفظ کے لیے ان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ جنرل منیر کی ملٹری ڈپلومیسی، خاص طور پر امریکہ جیسے ممالک کے ساتھ تعلقات کی مضبوطی اور مشترکہ فوجی مشقوں میں شرکت کو بھی سراہا گیا۔

ماہرین کے مطابق، یہ مضمون کسی بھی ملک کے آرمی چیف کے بارے میں شائع ہونے والی ایک غیر معمولی تحریر ہے، جس میں کوئی مبالغہ نہیں ہے اور یہ مکمل طور پر حقیقت پر مبنی ہے۔

مزیدخبریں