اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس قواعد 2002 میں تبدیلی کرتے ہوئے ایکٹیو ٹیکس پیئرز کی فہرست کو روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ترامیم 18 اکتوبر 2024 کو ایک ایس آر او کے ذریعے نافذ کی گئیں۔
ایف بی آر نے وضاحت کی ہے کہ یہ ترامیم انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 237 کے تحت کی گئی ہیں۔ اب جو بھی ٹیکس دہندگان ٹیکس سال 2024 کا گوشوارہ مقررہ وقت میں جمع کرائیں گے، انہیں فوری طور پر ایکٹیو ٹیکس پیئرز کی فہرست میں شامل کیا جائے گا۔
تاہم اگر کوئی ٹیکس دہندہ مقررہ تاریخ کے بعد اپنا گوشوارہ جمع کراتا ہے تو اسے ایکٹیو لسٹ میں شامل ہونے کے لیے سرچارج ادا کرنا ہوگا۔
ایف بی آر نے یہ اقدامات اپنے آپریشنز کی شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے کیے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ٹیکس دہندگان کو بہتر سہولیات دینے کے لیے پرعزم ہیں۔