بانی پی ٹی آئی  کے  طبی معائنے کے لیے ایک میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم 

04:00 PM, 24 Oct, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد :اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کے طبی معائنے کے لیے ایک میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے پمز ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو یہ ذمہ داری سونپی ہے، اور اس میں بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج، ڈاکٹر فیصل سلطان، کو بھی شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

عدالت نے کہا کہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو میڈیکل بورڈ کی رپورٹ جمع کروانی ہوگی اور اس حکم کی کاپی اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو بھی بھیجی جائے گی۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی عمر 72 سال ہے اور وہ سابق وزیراعظم ہونے کے ساتھ ساتھ انڈر ٹرائل قیدی بھی ہیں۔

بانی پی ٹی آئی نے اپنے ذاتی معالج کی نگرانی میں طبی معائنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا، جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے یہ فیصلہ سنایا۔

مزیدخبریں