اسلام آ باد:وزیر اعظم شہباز شریف نے پولیو مہم کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں بچے پولیو کے باعث اپنے خاندانوں پر بوجھ بن چکے ہیں، لیکن انہیں امید ہے کہ یہ مہم کامیاب ہوگی اور پولیو کو پاکستان سے ہمیشہ کے لیے ختم کر دیا جائے گا۔
انسداد پولیو کے عالمی دن کے موقع پر ایک تقریب میں وزیر اعظم نے بتایا کہ ہم دوبارہ پولیو وائرس کے خطرے میں ہیں، اس لیے ہمیں اپنی کوششیں متحد کرنی ہوں گی۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے ہم مضبوطی سے آگے بڑھیں گے۔
شہباز شریف نے عالمی ادارہ صحت، یونیسیف، اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس مہم میں پاکستان کی مدد کی۔ انہوں نے پولیو ورکرز کی قربانیوں کی تعریف کی، جنہوں نے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے جانیں دی ہیں۔
وزیر اعظم نے مزید بتایا کہ پاکستان میں حالیہ دنوں میں 40 پولیو کے کیسز سامنے آئے ہیں اور انہوں نے وعدہ کیا کہ ان کیسز کو مؤثر طریقے سے حل کیا جائے گا، جب تک کہ پولیو وائرس ملک سے ختم نہ ہو جائے۔ تقریب کے دوران انہوں نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔