باجوڑ : سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے علاقے باجوڑ میں ایک آپریشن کے دوران 9 خوارج کو ہلاک کر دیا، جن میں ایک انتہائی مطلوب دہشتگرد بھی شامل ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ، آئی ایس پی آرکے مطابق یہ کارروائی گزشتہ شب خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 9 خوارج ہلاک ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 2 خودکش بمبار اور ایک مطلوب لیڈر، سید محمد عرف قریشی استاد، بھی شامل تھا۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ ان خوارج سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
سکیورٹی فورسز نے کہا کہ یہ افراد سکیورٹی فورسز اور شہریوں کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے، اور وہ ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔