مظفرآباد : آزاد جموں و کشمیر کا 77 واں یوم تاسیس آج ملی جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ مظفرآباد میں اس موقع پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی، اور صبح کی دعائیہ تقریبات میں پاکستان اور کشمیر کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
یہ دن 24 اکتوبر 1947 کو کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، جب انہوں نے ظالم ڈوگرہ حکمرانوں کے خلاف مسلح تحریک کا آغاز کیا۔
تاریخی طور پر کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت تھی، مگر مہاراجہ ہری سنگھ نے بھارت کے ساتھ الحاق کر لیا۔ کشمیریوں نے اس قبضے کے خلاف تحریک آزادی شروع کی، اور 24 اکتوبر 1947 کو مظفرآباد میں اپنی حکومت کا اعلان کیا۔
سردار ابراہیم خان کی قیادت میں آزاد حکومت کا قیام، کشمیری عوام کی خودمختاری کی جانب پہلا قدم تھا۔ ہر سال یوم تاسیس کے موقع پر کشمیر کی تاریخی جدوجہد کی یاد تازہ کی جاتی ہے، جو کشمیری عوام کے عزم اور قربانیوں کا مظہر ہے۔ یہ دن ان کی آزادی کی راہ میں ایک اہم سنگ میل ہے