راولپنڈی : آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاک فضائیہ کے آپریشنل بیس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کثیر ملکی مشق انڈس شیلڈ 2024 کا مشاہدہ کیا۔
دورے کے موقع پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سندھو اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف بھی موجود تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق، انڈس شیلڈ 2024 خطے کی سب سے بڑی کثیر ملکی مشق ہے، جس میں 24 ایئر فورسز شریک ہیں اور اس کا موٹو ہے "ساتھ ہیں تو مضبوط ہیں۔
جنرل عاصم منیر نے پاک فضائیہ کی جنگی تیاریوں اور جدید ٹیکنالوجیز کے ذریعے صلاحیتوں میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے پی اے ایف فائٹر جیٹ کا فضائی مظاہرہ بھی دیکھا اور ایئر کریو کے عزم اور صلاحیتوں کی تعریف کی۔
آرمی چیف نے بین افواج کے تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپریشنل کامیابی کے لیے باہمی تعاون ضروری ہے۔ ایئر چیف مارشل نے بھی آرمی چیف کے دورے کو تعاون اور تربیت کے فروغ میں اہم قرار دیا۔