اسلام آباد: سابق وزیر اعظم و پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی اپنی لیگل ٹیم کے ہمراہ احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش ہو گئے۔
یوسف رضا گیلانی حاضری لگا کر احتساب عدالت سے روانہ ہو گئے ہیں۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے یوسف رضا گیلانی کی توشہ خانہ کیس میں حاضری لگائی۔
احتساب عدالت کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں ذاتی حیثیت میں آج یوسف رضا گیلانی کو طلب کیا گیا تھا۔
دوسری جانب رہنما مسلم لیگ ن سینیٹر افنان اللّٰہ اور لیگی رہنما نہال ہاشمی بھی احتساب عدالت پہنچ گئے۔
خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ کے قائد نواز شریف نے بھی آج احتساب عدالت میں پیش ہونا ہے۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف کے وکیل کی استدعا پر نواز شریف کو عدالت کے روبرو پیش ہونے کا دوپہر ایک سے ڈیڑھ بجے تک کاوقت دے دیا۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کی پیشی کے پیشِ نظر جوڈیشل کمپلیکس کے اندر اور باہر اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق احتساب عدالت میں صرف متعلقہ وکلا اور صحافیوں کو آج داخلے کی اجازت ہو گی۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے احتساب عدالت کا کمرہ مکمل خالی کرا لیا ہے، عملے نے کمرۂ عدالت کی سرچنگ اور سیکیورٹی چیکنگ بھی کی۔