لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی سردار سبطین خان نے اجلاس کے دوران ہنگامہ آرائی پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے 18 ارکان کو معطل کرتے ہوئے اسمبلی میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی نے لیگی ارکان صوبائی اسمبلی پر 15 نشستوں کیلئے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے، ان تمام ارکان پر ہفتے کے روز ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ہنگامہ آرائی کا الزام ہے۔
ذرائع کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی نے میاں عبدالرؤف، سمیع اللہ خان، ملک محمد وحید، عظمیٰ بخاری، صبا صادق، راحیلہ خادم حسین، ربیعہ نصرت، رابعہ فاروقی، زیب النسا اعوان معطل کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ذیشان رفیق، کنول لیاقت ایڈووکیٹ، گلناز شہزادی، نفیسہ امین، محمد افضل، عادل بخش، سعدیہ ندیم، راحت افزا اور سنبل مالک حسین بھی معطل ہونے والے ارکان میں شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کو نااہل قرار دئیے جانے کے فیصلے کے خلاف سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار قرارداد پیش کر رہے تھے تو اس وقت لیگی ارکان نے سپیکر ڈائس کے سامنے شور شرابہ کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے مندرجہ بالا ارکان کو معطل کئے جانے کے بعدع اسمبلی سیکرٹریٹ نے لیگی ارکان کی رکنیت معطلی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔