پاکستانی صحافی غلط فہمی کی بنیاد پر فائرنگ کا نشانہ بنا: کینیا پولیس

12:25 PM, 24 Oct, 2022

نیوویب ڈیسک

نیروبی: کینیا پولیس کی جانب سے سینئر پاکستانی صحافی ارشد شریف کو غلط فہمی کی بنیاد پر فائرنگ کا نشانہ بنا کر قتل کئے جانے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ 
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ارشد شریف کو کینیا کی پولیس نے نیروبی کے قریب سر میں گولی مار کر اس وقت قتل کیا جب ان کے ڈرائیور کی جانب سے مبینہ طور پر چیک پوائنٹ پر قوانین کی خلاف ورزی کی گئی۔
کینیا پولیس نے اس حوالے سے جاری کئے گئے بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی صحافی اپنے ڈرائیور کے ساتھ مگادی سے نیروبی کی جانب سفر کر رہے تھے کہ راستے میں پولیس روڈ بلاک کر کے چیکنگ کر رہی تھی۔
کینیا پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا ہے کہ شناخت میں غلطی کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا ، پولیس کو نیروبی کے علاقے کجیاڈو میں ایک بچہ اغواءہونے کی اطلاع ملی تھی جس کے باعث روڈ بلاک کر کے چیکنگ کی جا رہی تھی۔ 
سینئر افسر کے مطابق گاڑیوں کو چیک کرنے کی وجہ سے سڑک کو بند کیا گیا تھا اور ارشد شریف جس گاڑی میں سوار تھے اسے شناخت کیلئے کہا گیا تھا مگر ارشد شریف اور ان کے ڈرائیور نے روڈ بلاک کی خلاف ورزی کی۔ 
کینیا پولیس ہیڈکوارٹر زکا کہنا ہے کہ انڈیپنڈنٹ پولیسنگ اوور سائٹ اتھارٹی معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے اور اس حوالے سے تفصیلی بیان بعد میں جاری کیا جائے گا۔ 

مزیدخبریں