دکھ کی اس گھڑی میں اللہ ارشد شریف کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے: ترجمان پاک فوج

12:19 PM, 24 Oct, 2022

نیوویب ڈیسک
دکھ کی اس گھڑی میں اللہ ارشد شریف کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے: ترجمان پاک فوج

اسلام آباد: ترجمان افواج پاکستان کا سینئر صحافی ارشد شریف کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار ۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ارشد شریف کی کینیا میں ناگہانی وفات پر گہرا دکھ ہے ۔ اللہ تعالیٰ ارشد شریف کے درجات کو بلند کرے ۔ دکھ کی اس گھڑی میں اللہ تعالیٰ ارشد شریف کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ ارشد شریف کے انتقال کی خبر سن کر شدید صدمہ پہنچا ، اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔

صدر مملکت عارف علوی نے بھی ارشد شریف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ارشد شریف کی وفات پاکستان اور صحافت کا بہت بڑا نقصان ہے ۔ اللہ تعالیٰ اہل خانہ کو صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے ۔

واضح رہے کہ سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کینیا کے شہر نیروبی میں گولی لگنے سے جان کی بازی ہار گئے ہیں ۔

ارشد شریف کی کینیا میں موت کی تصدیق ان کی اہلیہ نے کی ، جویریہ صدیق نے ٹوئٹر پر اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ ، ’آج میں نے اپنا دوست ، شوہر اور پسندیدہ صحافی کھو دیا ہے‘۔ انہوں نے کہا ہے کہ ’پولیس نے انہیں بتایا ہے کہ ارشد شریف کو کینیا میں مار دیا گیا ہے‘۔

جویریہ صدیق نے اپیل کی ہے کہ ارشد شریف کی کینیا کے مقامی ہسپتال میں لی جانے والی آخری تصویر کو شیئر نہ کیا جائے ۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے ارشد شریف کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ سابق وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ شہیدوں کا وارث ارشد شریف شہادت کے رتبے پر فائز ہو گیا ۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد کہتی ہیں قوم ایک بیش قیمت اثاثے سے محروم ہوگئی ۔

مزیدخبریں