لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے خوشی کے لمحات دینے پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک ٹویٹ میں رمیز راجہ نے کہا کہ یہ پہلی اور شاندار فتح ہے اور ابھی سفر کا آغاز ہوا ہے۔ تمام پاکستانیوں کیلئے یہ فخر کے لمحات ہیں اور خوشی کے یہ لمحات دینے پر کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
خیال رہے کہ بھارت کے 152 رنز کے ہدف تعاقب میں پاکستانی اوپنرز نے محتاط انداز اپناتے ہوئے بیٹنگ کا آغاز کیا۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف اسٹروک کھیلے اور 152 رنز کی شاندار شراکت قائم کی اور بھارتی بولرز کو وکٹ لینے کا موقع نہ دیا۔
گرین شرٹس نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی اور اس تاریخی فتح پر بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے گلے لگاکر رضوان اور بابر کو مبارک باد دی۔
ادھر وزیراعظم عمران خان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں بھارت کو شکست دینے پر پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ٹویٹ میں جدہ میں وفاقی وزرا کے ساتھ میچ دیکھتے ہوئے کی تصویر بھی ٹویٹ کی۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعظم نے ٹیم کو فرنٹ سے لیڈ کیا جبکہ رضوان اور شاہین آفریدی نے بھی بہترین کھیل پیش کیا ۔قوم کو آپ سب پر فخر ہے۔