اپر کوہستان: ڈپٹی کمشنر عارف خان یوسفزئی نے تصدیق کی ہے کہ داسو ڈیم کا تعمیراتی کام 25 اکتوبر سے شروع ہو گا۔
اپرکوہستان کے داسو ڈیم کا تعمیراتی کام ایک بار پھر سے 25 اکتوبر سے شروع ہونے جا رہا ہے اور اس حوالے سے داسو ڈیم پر کام کرنے والی چینی تعمیراتی کمپنی غضوبہ نے اعلامیہ جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کمپنی میں کام کرنے والے مقامی ملازمین کو مرحلہ وار بلایا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر اپر کوہستان عارف خان یوسفزئی نے بتایا کہ سانحہ داسو میں مرنے والے چینی انجینئر کے لواحقین کو 1.2 ملین اور زخمیوں کو 1.4 ملین ڈالر معاوضہ دیا گیا جبکہ کمپنی کو بھی ہلڈنگ کے عوض لاکھوں ڈالر ادا کئے گئے ہیں جس کے بعد اب سخت سکیورٹی انتظامات میں ڈیم کا کام دوبارہ شروع ہو گا۔
خیال رہے کہ رواں برس 14 جولائی کو اپرکوہستان میں داسو ڈیم کے ملازمین کو لانے لے جانے والی بس حادثے کا شکار ہو گئی تھی جس کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق اور 39 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ مرنے والوں میں 9 چائنیز اور 2 مقامی مزدور بھی شامل تھے۔ حادثہ 14 جولائی کو ہوا تھا جس کے بعد سے ڈیم پر کام بند تھا۔ داسو ڈیم کا کام تین ماہ گیارہ دن بند رہا۔