اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ٹی ایل پی پر عائد شیڈول فورتھ پر نظر ثانی کریں گے ۔ کالعدم تنظیم کیخلاف مقدمات واپس لینے پر بھی غور کریں گے ۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ۔ ٹی ایل پی سے 8 گھنٹے کی طویل مشاورت ہوئی ، سعد رضوی سے بھی تفصیلی بات چیت ہوئی ۔ منگل اور بدھ تک ان کے کیسز واپس لیں گے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ طے ہوا ہے کہ شیڈول فور پر بھی نظر ثانی کریں گے ۔ کل صبح 10 بجے ان کے لوگ وزارت داخلہ آئیں گے ۔ راولپنڈی انتظامیہ سے کہوں گا کنٹینرز سائیڈ پر کر دیں ۔ انہوں نے کہا کہ بدھ تک کالعدم جماعت کا پڑاؤ مریدکے میں ہوگا ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر شارجہ سے فوری واپس آیا ، پاکستان واحد نیوکلیئر مسلم ریاست ہے اس لیے حکومت پر عالمی دباؤ ہے ۔ ملک میں امن وامان کی صورتحال کو ہر صورت بہتر کیا جائے گا ۔
ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عالمی مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی متاثر ہے ۔