راولپنڈی: پاک فوج کےسربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اقوام متحدہ کی 76ویں سالگرہ پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی امن کے فروغ کیلئے ہماری قربانیاں دنیا کے سامنے ہیں۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے آزمائش کی ہر گھڑی میں قربانیاں دیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ امن کے قیام کیلئے پاک فوج ہمیشہ پیش پیش رہی۔ عالمی امن کے فروغ کے لئے ہم نے جو ہماری قربانیاں دیں وہ دنیا کے سامنے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے ویژن کے مطابق ہماری عالمی امن کیلئے ہماری قربانیاں غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔
Pakistan Armed Forces extend best wishes to @UN on its 76th anniversary. “Pakistan Army has distinguished history of serving humanity for peace. Sacrifices by our men bear testimony to our unwavering resolve for global peace in line with our Founding Father’s vision” COAS.
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) October 24, 2021
خیال رہے کہ پاکستانی فوج کی اقوام متحدہ کیساتھ خدمات سرانجام دینے کی تاریخ طویل ہے۔ عالمی سطح پر پاکستانی فوجیوں کی خدمات کو ہمیشہ تسلیم کیا گیا۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ یو این امن مشنز میں خدمات انجام دیتے ہوئے پاکستان کے 161 جوان شہید ہوئے، امن مشنز شہدا میں 24 افسران نے ڈیوٹی کے دوران اپنی جانیں قربان کیں۔
اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی خدمات 1960ء میں شروع ہوئیں جہاں کانگو میں اقوام متحدہ کے آپریشن میں پاکستان نے اپنا پہلا دستہ تعینات کیا۔
پاک فوج کے جوان اب تک اٹھائیس ملکوں یو این او کے چھیالیس امن مشنز میں شرکت کر چکے ہیں، پاک فوج کے پیس کیپرز میں دو لاکھ سے زائد فوجی جوان شامل ہیں۔