دبئی: ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا سب سے بڑا مقابلہ آج کھیلا جائے گا۔ دبئی کے میدان میں روایتی حریف ٹیمیں پاکستان اور انڈیا میدان میں اتریں گی۔ یہ سنسنی خیز مقابلہ رات 7 بجے شروع ہوگا۔
انڈیا کیخلاف میچ میں قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، عماد وسیم، شاداب خان، آصف علی، محمد حفیظ، شعیب ملک، حیدر علی، فخر زمان اور محمد رضوان شامل ہیں۔
سیاسی کشیدگی کی وجہ سے دونوں ممالک نے کافی عرصے سے باہمی سیریز نہیں کھیلی، اس دوران صرف آئی سی سی ٹورنامنٹس میں دونوں ٹیموں کو آپس کھیلنے کا موقع ملتا ہے۔
اس تمام تر صورتحال کے باوجود دونوں جانب شائقین کرکٹ میں جوش و ولولہ برقرار ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2007 سے 2016 تک 8 ٹی 20 میچ کھیلے گئے جس میں پاکستان نے ایک اور بھارت نے چھ میچوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میچ ٹائی ہوا۔
گرین شرٹس کو بھارت کے خلاف ٹی 20 میچز میں واحد کامیابی بنگلور کے مقام پر دسمبر 2012 میں ملی تھی جب اس نے بھارت کو 5 وکٹوں سے ہرایا تھا۔ ٹی 20 ورلڈکپ مقابلوں میں روایتی حریف پانچ مرتبہ آمنے سامنے آئے۔ چار میچوں میں بھارت نے کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میچ ٹائی ہوا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا معرکہ 2007ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہوا جو ٹائی ہو گیا تاہم بال آئوٹ پر بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی۔
فائنل میں ایک بار پھر دونوں ٹیمیں مدمقابل آئیں اور اس بار بھی جیت بھارت کا مقدر بنی۔2012 کے ٹی 20 ورلڈکپ میں دونوں ٹیمیں تیسری بار آمنے سامنے آئیں اور اس میچ میں بھارت نے8 وکٹوں سے فتح سمیٹی۔ 2012 میں ہی پاکستانی ٹیم نے بھارت کا دورہ کیا، دو میچز کی سیریز کا پہلا میچ بنگلور میں ہوا جس میں پاکستان 5 وکٹوں سے کامیاب ہوا مگر احمد آباد میں ہونے والے دوسرے ٹی 20 میچ میں بھارت نے11 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز برابر کر دی۔
بنگلہ دیش میں2014 کے ٹی 20 ورلڈکپ میں بھی پاک بھارت ٹاکرا ہوا جس میں بھارت نے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔2016 میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایشیا کپ کے میچ میں مد مقابل آئیں، یہ میچ بھی بھارت نے 5 وکٹوں سے اپنے نام کیا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹی 20 میچ 2016 کے ورلڈ کپ میں کھیلا گیا جس میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے ہرایا۔