برطانیہ قانون کے تحت چلتا ہے عمران خان کی بڑھکوں سے نہیں، مریم نواز

09:50 PM, 24 Oct, 2020

کوئٹہ: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی 11 جماعتوں نے خوف کی زنجیریں توڑی ہیں۔شیخ جعفر مندوخیل کی (ن) لیگ میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کراچی میں آئی جی کو اغوا کیا گیا اور میرے کمرے پر دھاوا بولا گیا لیکن سندھ حکومت نے کراچی کے واقعے کی سازش کو بے نقاب کر دیا ہے۔ 

مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا اس موقع پر مزید کہنا تھا برطانیہ عمران خان کی بڑھکوں کو کچھ نہیں سمجھتا کیونکہ برطانیہ قانون کے تحت چلتا ہے وہاں پر ارشد ملک جیسے جج نہیں ہوتے اور اس وقت این آر او کی ضرورت عمران خان کو ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ آئی جی سندھ، پولیس اہلکاروں کی عزت ہے اور ہمیں ان کی عزت کا پاس ہے لیکن کراچی واقعے کے بعد سے عمران خان پاکستان کی سیاست اور حکومتی منظر نامے سے غائب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام کے مینڈیٹ کا پاس ہے اور عوام کے فیصلے کا احترام بھی کرنا ہے۔ پی ڈی ایم کی تمام 11 جماعتوں حکومت کو للکارا ہے اور خوف کی زنجیریں توڑی ہیں۔

اس سے قبل پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کوئٹہ کا جلسہ ہر صورت ہو گا اور اگر حکومت سیکیورٹی فراہم نہیں کر سکتی تو وہ گھر چلی جائے۔

قلات میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ کوئٹہ کا جلسہ ہر صورت میں ہو گا۔ حکومت سیکیورٹی فراہم نہیں کر سکتی تو وہ گھر چلی جائے اور ہم طبل جنگ بجا چکے ہیں۔ پی ڈی ایم کے جلسوں سے حکومت کے اوسان خطا ہو گئے۔

سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف نے ہمیشہ عدالتوں کا سامنا کیا ہے وہ بھاگنے والے نہیں۔

مزیدخبریں