کوئٹہ: حکومت نے کوئٹہ میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کی جانب سے نوٹیفکیشن کے مطابق کوئٹہ میں 24 گھنٹے کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہو گی۔ پابندی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔
اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کل کوئٹہ میں جلسہ کرنے جا رہی ہے۔ سیکیورٹی خدشے کے پیش نظر حکومت بلوچستان سے سخت حفاظتی اقدامات اٹھائے ہیں اور پولیس کی اضافی نفری شہر کے مختلف علاقوں میں تعینات کر دی گئی ہے۔
اس سے قبل پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کوئٹہ کا جلسہ ہر صورت ہو گا اور اگر حکومت سیکیورٹی فراہم نہیں کر سکتی تو وہ گھر چلی جائے۔
گزشتہ روز ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ دہشت گردی کے واقعات کے خدشات موجود ہیں لہذا پی ڈی ایم نیکٹا کی جانب سے جاری تھریٹ الرٹ کو سنجید ہ لے کر کوئٹہ جلسہ ملتوی کر دے۔
لیاقت شاہوانی نے کہا تھا کہ جلسہ کسی بھی سیاسی جماعت کا جمہوری حق ہے اور پی ڈی ایم رہنماوَں کے لیے سیکیورٹی کا انتظام کر لیا ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ نیکٹا تھریٹ الرٹ کو بلوچستان حکومت سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔ گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے دھماکہ خیز مواد برآمد کیا تھا اور نیکٹا الرٹ کے باوجود ہم جلسے کے شرکا کو سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں۔