سوڈان نے اسرائیل سے معاہدہ کیلئے امریکا کو تاوان دیا، ایران

06:59 PM, 24 Oct, 2020

تہران: سوڈان اسرائیل تعلقات معاہدے پر ایران نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سوڈان نے امریکا کو تاوان ادا کیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سوڈان نے دہشت گرد ممالک کی فہرست سے نکلنے کے لیے اسرائیل سے معاہدہ کر کے امریکا کو تاوان دیا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ نے اس پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ تاوان ادا کریں اور فلسطینیوں کے خلاف ہونے والے جرائم پر اپنی آنکھیں بند کرلیں تو پھر آپ کو نام نہاد دہشتگردی کی بلیک لسٹ سے نکال دیا جائے گا۔ 

ایرانی وزارتِ خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکا کی دہشت گردی کی فہرست بھی امریکا کی دہشت گردی کے خلاف جنگ جیسی جعلی ہے۔

گزشتہ روز ایک سینئر امریکی عہدیدار نے بتایا کہ اسرائیل اور سوڈان کے مابین تعلقات معمول پر لانے کے اقدامات پر ایک معاہدے کا اعلان جلد متوقع ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سوڈان کو دہشتگردی کی فہرست سے نکالنے کے فیصلے کے بعد سوڈان اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدے کے امکانات روشن ہوئے۔ 

یہ ٹرمپ کے لئے ایک نئی خارجہ پالیسی کا کارنامہ ہو گا جو 3 نومبر کو ڈیموکریٹک حریف جو بائیڈن کو ہرا کر دوبارہ انتخابات جیتے کے خواہاں ہیں۔ ٹرمپ نے پیر کے روز اعلان کیا تھا کہ وہ سوڈان کو دہشت گردی کی فہرست سے ہٹا دے گا جب وہ معاوضے کے 335 ملین ڈالر جمع کروائے گا۔

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ سوڈان نے 33 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ڈپوزٹ کروانے کا جو وعدہ کیا تھا اگر وہ پورا کر دے تو اسے دہشتگردی کی بلیک لسٹ سے نکال دیا جائے گا۔

اس اعلان کے بعد خرطوم نے 1998 میں کینیا اور تنزانیہ میں امریکی سفارتخانوں پر ہونے والے بم دھماکوں کے متاثرین کے لیے بنائے گئے خصوصی اکاؤنٹ میں یہ رقم جمع کروائی۔

مزیدخبریں