حیدر آباد: تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کسی سیاسی فرد کو بابائے قوم کے مزار کی بے حرمتی کی اجازت نہیں دے سکتے اور کیپٹن (ر) صفدر کی اپنی جماعت میں کوئی حیثیت نہیں اور انہیں گرفتار کرنے کا کیا فائدہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ کیپٹن صفدر کو جس طرح گرفتار کیا گیا سمجھ نہیں آتا اور ایسے گرفتاری نہیں ہونی چاہیے تھی وہ کون سا سیاسی ٹارزن تھے۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی نے کہا پی ڈی ایم کے کراچی جلسے میں مقامی لوگ نہیں تھے اور اس جلسے سے گھبرانے کی کوئی بات نہیں جبکہ وبا نہ ہو تو تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کراچی میں بڑا جلسہ کر کے دکھائیں۔
اسد عمر نے کہا کہ سندھ حکومت اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام ہے اور وفاقی حکومت کراچی کے مسائل کے حل کیلئے 736 ارب روپے دے رہی ہے جبکہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں بھی وفاق مدد کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد کی ترقی کیلئے بھی تعاون کریں گے۔ بلدیاتی انتخابات کے ذریعے ملک کی نئی سیاسی قیادت تیار ہو سکتی ہے اور ان انتخابات میں نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ موقع دیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کسی کو یہ نہیں پتا تھا کہ آزادی کتنی بڑی نعمت ہے تو وہ بھارت کے مسلمانوں سے بات کر کے دیکھے اور پاکستان نے وہ آزادی حاصل کی جو دنیا کہتی تھی کہ کبھی نہیں مل سکتی تھی۔ دنیا کہتی تھی محمد علی جناح آزادی کی جنگ کبھی نہیں جیت سکتے۔ یہ قوم اتنی بے ضمیر نہیں ہوئی کے 2 ٹکے کا سیاسی آدمی مزار قائد پر نعرے لگائے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک یہ قوم سے معافی نہیں مانگیں گے یہ قوم آپ کے پیچھے آئے گی اور ہم آپ سے معافی منگوا کر رہیں گے اور یہ لوگ اپنے محسن کا احسان کبھی نہیں بھول سکتے۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے کیڈٹ کالج عیسیٰ خیل کے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کا سب سے پسماندہ ضلع ڈیرہ غازی خان ہے اور قوم ایسے ترقی نہیں کرتی کہ آپ سارا پیسہ کسی ایک شہر پر لگا دیں جبکہ ڈیرہ غازی خان میں پینے کے پانی سمیت بچیوں کی تعلیم کا مسئلہ ہے۔ صحت کے شعبے کی ترقی کے لئے بھی پنجاب حکومت اقدامات کر رہی ہے اور مدینہ کی ریاست میں وسائل کی تقسیم اور قانون کی حکمرانی اہم ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ لندن جا کر علاج کروانے ولاوں کو پسماندہ علاقوں کے عوام کی مشکلات کا احساس نہیں اور یہاں کمزور لوگ ڈرتے تھے اور کہتے تھے ان بڑے لوگوں کو کیسے شکست دیں۔ آئی جی پنجاب کوشش کریں تھانوں میں عوام پر ظلم نہ ہو اور میانوالی کے عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کا اصول تھا قانون سب کے لئے برابر ہو اور قانون کی بالادستی کا مطلب کمزور کو اوپر اٹھانا ہےْ حضور ﷺ نے کہا تھا کہ میری بیٹی بھی چوری کرے تو سزا ملے گی اور جو ظلم کرے اسے سزا اور محنت کرنے والے کو پھل ملنا چاہیے۔