مریم نواز غصے سے بھری اور بوکھلاہٹ کا شکار ہیں: شبلی فراز

12:31 PM, 24 Oct, 2020

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے مریم نواز کی گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز غصے سے بھری اور بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، کرپشن کے خلاف جدوجہد سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

اپنی ٹویٹ میں شبلی فراز نے کہا کہ مریم نواز غصے سے بھری اور بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، عمران خان نے کرپٹ ٹولے کے خلاف ملک کو جگایا ، اخلاقی دیوالیہ پن کا شکار قانون سے مفرور جمہوریت کے علمبردار نہیں ہو سکتے۔

اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ کوئٹہ جلسے میں نواز شریف خطاب کریں گے۔ پی ڈی ایم تحریک ملک کے طول و عرض میں پھیل گئی ہے۔ پی ڈی ایم کی تحریک میں عوام شامل ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی واقعہ سے حکومت کی بہت بدنامی ہوئی ہے۔ کیپٹن صفدر کو گرفتار کرکے آپ نے بدنامی کمائی ہے۔ کراچی واقعہ کی انکوائری کی ضرورت نہیں، سارے واقعہ کی لائیو رپورٹنگ ہوئی ، سب کو علم ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان میں عوام روٹی کو ترس گئے ہیں لیکن حکومت کی توجہ صرف نواز شریف پر ہے۔ عمران خان صرف اپنا قد اونچا کرنے کیلئے نواز شریف کا نام لیتے ہیں۔ چھوٹا شخص بڑی سیٹ پر ہو تو اسے بڑے نام لینے پڑتے ہیں۔ لوگوں کو حق اور سچ بولنے کی سزا دی جا رہی ہے۔ اب عمران خان کو این آر او کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں