پاک زمبابوے سیریز، ممکنہ کھلاڑیوں کا قذافی سٹیڈیم میں انٹرا سکواڈ میچ

11:28 AM, 24 Oct, 2020

لاہور: پاک زمبابوے سیریز سے قبل  قومی شاہین اڑان بھرنے کیلئے تیار ہو گئے ہیں ، گزشتہ روز  سکواڈ میں شامل 22 ممکنہ کھلاڑیوں کا قذافی سٹیڈیم میں انٹرا سکواڈ میچ پاکستان گرین اور پاکستان وائٹ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔

پاکستان گرین نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنائے، عابد علی 81 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان نے 76 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

وہاب ریاض نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ 300 رنز کے تعاقب میں پاکستان وائیٹ کی پوری ٹیم  279 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ محمد حفیظ نے 69 اور حیدر علی نے 61 رنز بنائے جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 2 اور محمد حسنین نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اوپننگ بلے باز عابد علی کا کہنا ہے کہ تربیتی کیمپ سے گیم میں بہتری آئے گی اور کوشش ہے کہ زمبابوے کے خلاف اچھا پرفارم کروں۔

وضح رہے کہ آئندہ ماہ لاہور میں سموگ کی ممکنہ شدت کے باعث پاک زمبابوے شیڈول تبدیل بھی کردیا گیا ہے ۔ سموگ کی وجہ سے میچز لاہور سے راولپنڈی اور کراچی منتقل کر دیئے گئے ۔زمبابوے سیریز میں شامل ٹی 20 میچز  راولپنڈی میں ہوں گے۔


سموگ نے کرونا کے بعد لاہور میں  انٹرنیشنل کرکٹ بحالی کو نظر لگا دی۔ لاہور کی بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی اور سموگ کی صورتحال نے لاہور سے ٹی ٹونٹی سیریز اور پی ایس ایل کی میزبانی چھین لی۔سات، نو اور دس نومبر کو زمبابوے کے خلاف ہونے والے ٹی ٹونٹی میچز کی میزبانی راولپنڈی کو مل گئی۔پی ایس ایل فائیو کے چیمپئن بننے کی جنگ اب کراچی میں ہوگی۔ چودہ اور پندرہ نومبر کے ایلمنیٹر اور کوالیفائیر سمیت سترہ نومبر کو ہونے والے فائنل کی میزبانی کراچی کرے گا۔

ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 30 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائیگا جبکہ اسکواڈ 26 اکتوبر کو لاہور سے راولپنڈی کا سفر کرے گا۔پاکستانی ٹیم اکتوبر اور نومبر میں زمبابوے کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے والی ہے جس کے بعد گرین شرٹس نیوزی لینڈ کا سفر کرے گی جہاں وہ دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔  

ادھر زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کرونا ٹیسٹ کے نتائج بھی آگئے ہیں، تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کرونا ٹیسٹ منفی آ گئے ہیں، 27 تاریخ تک زمبابوے کے تمام کھلاڑی اور آفیشلز قرنطینہ میں رہیں گے، قومی کرکٹرز بائیو سکیور ببل کے لئے لاہور کے نجی ہوٹل میں پہنچ گئے۔

مزیدخبریں