لاہور: پاکستان کرتارپور راہداری مقررہ وقت پر کھولنے کیلئے پرعزم۔ تاریخی معاہدے پر دستخط کر دیئے گئے اور دونوں ممالک کے درمیان بیٹھک زیرو پوائنٹ پر منعقد ہوئی۔
پاکستان اور بھارت کے مابین کرتار پور راہداری معاہدے کے ڈرافٹ پر اتفاق ہو گیا جس کے بعد دونوں ممالک کے فوکل پرسنز نے معاہدے پر دستخط کر دیئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم 9 نومبر کو افتتاح کریں گے۔
یاتریوں کے پیدل پہنچنے اور تمام عقائد کے افراد کو کرتار پور آنے کی اجازت دینے کے تمام بھارتی مطالبات تسلیم کر لیے گئے۔ یاتری روزانہ صبح کرتار پور پہنچ کر شام کو واپس لوٹیں گے۔
کرتارپور گوردوارہ ضلع نارووال کی تحصیل شکر گڑھ میں واقع ہے جو بھارتی سرحد سے کچھ دوری پر ہے، گوردوارہ دربار صاحب 1539 میں قائم کیا گیا۔
بابا گرونانک نے وفات سے قبل 18 برس اس جگہ قیام کیا اور گرونانک کا انتقال بھی کرتارپور میں اسی جگہ پر ہوا۔