نواز شریف کی زندگی کو کوئی خطرہ نہیں، ذاتی معالج بھی مطمئن ہیں، یاسمین راشد

10:05 AM, 24 Oct, 2019

لاہور: پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نواز شریف کو علاج کی تمام سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، ان کی زندگی کو کوئی خطرہ نہیں اور ان کے ذاتی معالج بھی مطمئن ہیں۔

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے سروسز اسپتال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب نے بیرون ملک جانے کی خواہش کا اظہار نہیں کیا جبکہ نواز شریف نے علاج اور طبی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انکے حوالے سے ہمارے دل میں کوئی میل نہیں اور میری ہمدردیاں میاں صاحب کے ساتھ ہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا پلیٹ لیٹس کم ہونے کی کئی وجوہات ہیں اور وہ اچانک بھی کم ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی موجودگی میں وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے نواز شریف کی عیادت کی ہے۔ وزیر اعظم کا نیک تمناؤں کا بیان بھی پہنچایا اور نواز شریف کے مسوڑھوں سے خون کی وجہ ٹوتھ برش تھا۔ انہیں شیو اور برش کرنے سے منع کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی طبیعت اچانک خراب ہوئی تھی، جس کے باعث خون میں پلیٹ لیٹس کی تعداد کم ہونے پر انہیں نیب سے سروسز اسپتال لاہور منتقل کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں