ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا

08:37 AM, 24 Oct, 2019

واشنگٹن: شام میں جنگ بندی کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ترکی پر عائد پابندیاں ختم کرنےکے لیے امریکی وزیر خزانہ کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ترک حکومت نے امریکی انتظامیہ کو شام میں آپریشن روکنے سے متعلق آگاہ کیا ہے اور یقین دلایا ہے کہ وہ شام میں مستقل طور پر جنگ بندی برقرار رکھے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ ترکی کی یقین دہانی پر میں نے امریکی وزیر خزانہ کو ہدایت کی ہے کہ 14 اکتوبر کو ترکی پر لگائی جانے والی پابندیاں ہٹا لی جائیں۔

اس موقع پر امریکی صدر نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی شام میں جنگ بندی کے حوالے سے تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ترک صدر ایک محب وطن انسان ہیں اور میرے خیال میں وہ اپنے ملک کے لیے بہترین اقدامات کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب گذشتہ روز ہی روس اور ترکی کی جانب سے شام میں جنگ بندی کی مدت مزید 150 گھنٹے بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔

مزیدخبریں