اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ ناانصافی اور ظلم و جبر کے خلاف امید کی کرن ہے اور مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی جاری ہے۔ سلامتی کونسل اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے۔
وزیر اعظم عمران خان نے یوم اقوام متحدہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق مقاصد اور اصولوں کے لیے حمایت کی توثیق کا دن ہے۔ پاکستان کو بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اقوام متحدہ میں کردار پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود پرانے مسائل میں سے ایک ہے اور سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر پرانے مسائل میں شامل مقبوضہ کشمیر کی صورتحال ظلم و جبر اور استبدادی قبضے کی مثال ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام عالمی برادری کی طرف سے کئے جانے والے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے آزادانہ استعمال کے وعدے کے پورا ہونے کے آج بھی منتظر ہیں۔