پاکستان نے قندھار حملوں سے متعلق الزامات مسترد کر دیے

پاکستان نے قندھار حملوں سے متعلق الزامات مسترد کر دیے
کیپشن: فوٹو فائل

اسلام آباد: پاکستان نے قندھار میں حالیہ حملوں سے متعلق افغانستان کے الزامات مسترد کردیئے۔ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق قندھار حملوں کے حوالے سے الزامات بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حملوں کے ٹھوس ثبوت اور انٹیلی جنس معلومات فراہم نہیں کی گئیں، امن اور استحکام کیلئے ایسے واقعات کی مشترکہ تحقیقات کی جاسکتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کہ بہتر ہوتا الزام تراشی کی بجائے مناسب فورم استعمال کیاجاتا، الزام تراشی دونوں ملکوں میں تعاون کیلئے متفقہ اصولوں کے بھی خلاف ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں افغانستان کے صوبے قندھار میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کے بعد فائرنگ کے نتیجے میں صوبائی پولیس چیف جنرل عبد الرزاق اور خفیہ ایجنسی کے مقامی چیف ہلاک اور گورنر شدید زخمی ہو گئے تھے۔