تحریک صوبہ ہزارہ کے قائد بابا حیدر زمان انتقال کر گئے

02:51 PM, 24 Oct, 2018

راولپنڈی: تحریک صوبہ ہزارہ کے قائد اور ہزارہ کے بزرگ سیاستدان بابا حیدر زمان طویل علالت کے بعد راولپنڈی کے نجی ہسپتال میں 84 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے۔ نماز جنازہ کل 2 بجے انکے آبائی گاوں دیوال منال میں ادا کی جائے گی۔

بابا حیدر زمان 1934 میں ایبٹ آباد کے نواحی علاقے دیوال منال میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے پہلا الیکشن 1962 میں جبکہ آخری الیکشن 2013 میں لڑا اور ماضی میں صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت، ضلع ناظم ایبٹ آباد اور ایک دفعہ چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل ایبٹ آباد رہ چکے ہیں۔

2010 میں جب صوبہ سرحد کا نام تبدیل کر کے خیبر پختونخواہ رکھا گیا تو بابا حیدر زمان کی سربراہی میں ہزارہ کے تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سیاستدان ایک چھتری تلے اکٹھے ہوئے اور ہزارہ کو الگ صوبہ بنانے کیلئے تحریک صوبہ ہزارہ کا بھرپور انداز میں آغاز کیا گیا۔ اس احتجاج کے دوران سات شہریوں کی شہادت کے بعد بابا حیدر زمان کو نہ صرف ملکی بلکہ بین الا قوامی میڈیا میں بھی بھرپور پزیرائی ملی۔

بابا حیدر زمان نے 1990 اور 1993 میں میاں نواز شریف کے مقابلے میں قومی اسمبلی کی نشست کیلیئے الیکشن بھی لڑا۔ 1977 میں جمہوریت کی بحالی کی تحریک میں ایم آر ڈی تحریک میں نمایاں رہے اور گرفتار بھی ہوئے۔

مزیدخبریں