اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان اسٹیٹ آئل( پی ایس او) میں 23 ارب روپے کی کرپشن کا ریفرنس دائر کر دیا ہے۔نیب نے ریفرنس میں سابق ڈائریکٹر وزارت پیٹرولیم و قدرتی وسائل سمیت 8 ملزمان کو نامزد کیا ہے جن پر اپنے عہدے کے غلط استعمال اور ملی بھگت سے قومی خزانے کو 23 ارب سے زائد کا نقصان پہنچنے کا الزام ہے۔
احتساب عدالت کے منتظم جج نے پی ایس او میں کرپشن کے ریفرنس کی سماعت کی جس نے پی ایس او اور بائیکو آفیشلز کے خلاف ریفرنس سماعت کے لئے منظور کر لیا اور معاملہ احتساب عدالت نمبر 4 کو بھیج دیا ہے۔
ریفرنس کے ملزمان میں سابق منیجنگ ڈائریکٹر پی ایس او نعیم یحییٰ میر، سابق ڈائریکٹر منسٹری آف پیٹرولیم اور نیچرل ریسورسز سمیت 8 ملزمان شامل ہیں۔ ان میں نعیم یحییٰ، صابر حسین اور عامر عباسی مفرور ہیں جن کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دیے گئے ہیں۔
نیب نے ملزم سید ذوالفقار علی جعفری کو اسلام آباد جبکہ نذر علی زیدی کو گلگت بلتستان سے گرفتار کیا ۔ عدالت نے ریفرنس کی مزید کاروائی 3 نومبر تک ملتوی کر دی۔