امریکی وزیر خارجہ نے ایک بار پھر پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ کردیا

09:59 PM, 24 Oct, 2017

اسلام آباد: امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے ایک بار پھر پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ کرتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کوششیں مزید تیز کرنے کی تلقین کر دی ہے۔


تفصیلات کے مطابق امریکی سفارت خانے نے ریکس ٹلرسن کے دورہ پاکستان پر کہا ہے کہ دہشتگردی میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہیں،پاکستان افغانستان میں استحکام کے لیے امریکا کے ساتھ مل کر کردار ادا کر سکتا ہے اور افغانستان میں امن و استحکام دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔

امریکی سفارت خانے کے مطابق ملاقات میں خطے میں پاکستان کے کردار سے متعلق بات ہوئی اور ریکس ٹلرسن نے ملاقات میں امریکی صدرکا پیغام دہرایا اور جنوبی ایشیا پر امریکی پالیسی سے متعلق بتایا۔ انہوں نے پاکستان سے ایک بار پھر ڈومور کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کے خاتمے کی کوششیں تیز کرے۔


امریکی وزیرخارجہ نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی جس میں اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور پاک امریکا تعاون اور شراکت داری پر بھی بات کی۔امریکی وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کوسراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان میں استحکام کے لیے امریکا کے ساتھ مل کر کردار ادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں داعش اور دہشت گرد گروپ دونوں ممالک کے لیے خطرہ ہیں اور ان گروپوں کا خاتمہ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔ امریکی وزیرخارجہ نے کینیڈین وامریکی شہری کی بازیابی پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں