لندن: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی موجودہ سیاسی حکمت عملی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف مس کالیں دے رہے ہیں اور آئندہ پانچ سال تک ان کی کالوں کا کوئی جواب نہیں دیا جائے گا۔
لندن میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اراکین جلد ہی اپنی موجودہ سیاسی صورتحال سے مایوس ہو کر واپس اپنی ابتدائی پوزیشن پر پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے اس عمل کو سیاسی طور پر غیر سنجیدہ اور جذباتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا نتیجہ جلد ہی سامنے آ جائے گا۔ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی باتوں میں واضح طور پر پریشانی اور عدم استحکام کی علامات ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی کے بیان کو پی ٹی آئی کے کسی بھی رہنما نے تسلیم نہیں کیا، اور اگر بانی پی ٹی آئی نے ایسا کوئی بیان دیا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ انہوں نے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے اس معاملے کو ملکی خودمختاری کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا کچھ ہوا ہے تو یہ پاکستان کے مفاد میں نہیں ہوگا۔
گورنر سندھ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان معاشی استحکام کی کوششوں میں مصروف ہے اور دوست ممالک کی مدد حاصل ہے، لیکن پی ٹی آئی کے اقدامات نہ صرف دوست ممالک بلکہ پاکستانی عوام کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہوں گے۔