لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے بارے میں کہا ہے کہ انقلابی جنگجو ابھی تک سو رہے ہیں، اور ان کے آدھے افراد آج بھی ورک فرام ہوم اور ورک فرام سٹی کی حکمت عملی پر عمل کر رہے ہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کے 104 ایم پی ایز موجود ہیں، لیکن ان میں سے کوئی بھی میدان میں نظر نہیں آ رہا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ لاہور میں امن و سکون ہے اور لوگ اپنے روزمرہ کے معمولات جاری رکھے ہوئے ہیں، جب کہ پی ٹی آئی کے رہنما خود سو رہے ہیں۔ انہوں نے بشریٰ بی بی کے پاکستان کے خلاف پیغام پر بھی تنقید کی اور کہا کہ انہیں اس بارے میں تمام سوالات کا جواب دینا ہوگا۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ عوام کا انقلاب کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے، اور پنجاب کے لوگ پی ٹی آئی کے فتنہ اور فساد میں شریک نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد صرف پاکستان میں انتشار پھیلانا ہے، اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق پی ٹی آئی کو ڈی چوک جانے کی اجازت نہیں ہے۔