جو افراد قانون کو اپنے ہاتھ میں لیں گے، ان کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج ہوں گے: آئی جی اسلام آباد

01:38 PM, 24 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے حوالے سے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کی سکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور جو افراد قانون کو اپنے ہاتھ میں لیں گے، ان کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج ہوں گے۔

آئی جی اسلام آباد نے ڈی چوک کا دورہ کیا اور احتجاج کے دوران سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے اور کسی بھی قسم کی شر انگیزی سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی فورسز مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں کسی بھی احتجاج، ریلی یا مجمعے پر پابندی ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

علی ناصر رضوی نے سکیورٹی پلان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد شر انگیزی کو روکنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج ہوں گے اور اسلام آباد کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں، کیونکہ کسی بھی غیر قانونی عمل کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔

مزیدخبریں