بلوچستان میں 3,530 ڈاکٹرز کی پوسٹیں خالی ہونے کاانکشاف

بلوچستان میں 3,530 ڈاکٹرز کی پوسٹیں خالی ہونے کاانکشاف

کوئٹہ : بلوچستان کے محکمہ صحت میں ڈاکٹرز کی 3,530 پوسٹیں خالی ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس میں اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کی 600 پوسٹوں میں سے 420 بھی شامل ہیں۔ دستاویزات کے مطابق، صوبے میں صرف 180 اسپیشلسٹ ڈاکٹرز خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ 420 پوسٹیں خالی پڑی ہیں۔

علاوہ ازیں، صوبے میں نرسوں کی 351 پوسٹیں بھی خالی ہیں۔ کوئٹہ کے سول اسپتال اور بولان میڈیکل کمپلیکس میں منظور شدہ پوسٹوں سے 236 ڈاکٹرز کی اضافی تعیناتی کا بھی انکشاف ہوا ہے، جن میں سول اسپتال میں 126 اور بی ایم سی میں 110 ڈاکٹرز شامل ہیں۔

دستاویزات کے مطابق، صوبے میں ڈاکٹروں، لیڈی ڈاکٹروں اور ڈینٹل سرجنز کی 5,556 پوسٹوں میں سے 2,178 خالی ہیں۔ ٹیچنگ کیڈر کی 745، ہیلتھ مینجمنٹ کیڈر کی 187 اور اسپیشلسٹ کیڈر کی 420 پوسٹیں بھی خالی پڑی ہیں۔

نرسوں کی 1,525 آسامیاں ہیں جن میں سے 351 خالی ہیں۔ اس کے نتیجے میں صوبے کے 1,251 بی ایچ یوز میں سے 762 فعال ہیں جبکہ 489 بند پڑے ہیں۔

سب سے اہم مسئلہ یہ ہے کہ ڈاکٹرز کی اکثریت اندرون صوبہ ڈیوٹی دینے کے بجائے کوئٹہ منتقل ہو گئی ہے، جس کے باعث صوبے کے دیگر اضلاع میں صحت کے نظام پر شدید دباؤ پڑا ہے۔

مصنف کے بارے میں