فن کی دنیا کا ستارہ ۔۔اسماعیل تارا کو مداحوں سے بچھڑے دو برس گزر گئے

10:06 AM, 24 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور : پاکستان کے معروف مزاحیہ اداکار اسماعیل تارا کو مداحوں سے بچھڑے ہوئے دو سال ہو گئے ہیں۔ اسماعیل تارا نے 80 کی دہائی میں ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے مشہور ڈرامہ سیریز 'ففٹی ففٹی' سے شہرت حاصل کی تھی اور وہ فلم، ٹی وی، اور اسٹیج تینوں میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے تھے۔

اسماعیل تارا کا اصل نام محمد اسماعیل مرچنٹ تھا اور وہ 16 نومبر 1949 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ ان کا شوبز کیریئر 1964 میں اسٹیج ڈرامے سے شروع ہوا تھا، جب وہ محض 15 سال کے تھے۔ ان کی کامیابی کی راہیں اس وقت کھلیں جب انہوں نے ضیاء محی الدین کے شو میں پرفارمنس دی، جس کے بعد انہیں ٹیلی ویژن پر کام کے مواقع ملے۔

انہوں نے 1980 کی دہائی میں شعیب منصور اور انور مقصود کے ڈرامے 'ففٹی ففٹی' میں کام کر کے بے پناہ شہرت حاصل کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ٹی وی ڈراموں، فلموں اور اسٹیج ڈراموں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ اسماعیل تارا کو اپنی بہترین مزاحیہ اداکاری پر 5 مرتبہ نگار ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ان کے مشہور ڈراموں میں 'ففٹی ففٹی'، 'ربڑ بینڈ'، 'یہ زندگی ہے'، 'ون وے ٹکٹ'، 'دہلی کالونی'، 'اسماعیل ٹائم' اور اسٹیج ڈرامے شامل ہیں۔اسماعیل تارا کافی عرصے سے گردوں کے مرض میں مبتلا تھے اور 24 نومبر 2022 کو 73 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہو گئے۔

مزیدخبریں