اسلام آباد میں پولیس کا سرچ اور کومبنگ آپریشن، پی ٹی آئی کے درجنوں کارکن گرفتار

اسلام آباد میں پولیس کا سرچ اور کومبنگ آپریشن، پی ٹی آئی کے درجنوں کارکن گرفتار

اسلام آباد: پولیس نے شہر بھر میں سرچ اور کومبنگ آپریشن کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درجنوں کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق، پولیس نے گیسٹ ہاؤسز اور ہاسٹلز کی چیکنگ کی اور مختلف تھانوں کی حدود سے کارکنوں کو حراست میں لیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تھانہ کراچی کمپنی کی حدود سے 70، تھانہ کوہسار سے 60، تھانہ بارہ کہو سے 20، اور تھانہ رمنا سے 25 پی ٹی آئی کارکن گرفتار کیے گئے۔ اسی طرح، تھانہ لوئی بھیر سے 35، سنگجانی سے 45، اور تھانہ ترنول سے 42 کارکنوں کو بھی گرفتار کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کارکن جتھوں کی شکل میں اسلام آباد پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے۔ پولیس نے شہر کے مختلف راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا ہے، جبکہ بعض کنٹینروں میں بجری بھی بھر دی گئی ہے تاکہ احتجاجی مظاہروں کو روکا جا سکے۔

وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ جو بھی اسلام آباد احتجاج کے لیے آئے گا، اسے گرفتار کیا جائے گا اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 24 نومبر کو احتجاج کا اعلان کیا ہے، اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھی ہر صورت اسلام آباد پہنچنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔

مصنف کے بارے میں